کول انڈیا لمیٹڈ نے مینجمنٹ ٹرینی (MT) کے 660 خالی عہدوں پر بھرتی کا اعلان کیا ہے۔ اہل امیدوار 12 مئی 2026 سے سرکاری ویب سائٹ coalindia.in کے ذریعے آن لائن درخواست دے سکیں گے۔
کول انڈیا لمیٹڈ کے مطابق بھرتی مہم کے تحت الیکٹریکل، سول، مکینیکل، سسٹم، الیکٹرانکس اینڈ کمیونیکیشن، جیولوجی، انڈسٹریل انجینئرنگ، راج بھاشا اور کمپنی سیکریٹری سمیت مختلف شعبوں میں مینجمنٹ ٹرینی کے عہدے پُر کیے جائیں گے۔ مجموعی طور پر 660 آسامیوں میں سے سب سے زیادہ 221 عہدے الیکٹریکل اور 178 عہدے سول شعبے کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔
درخواست دینے کے لیے امیدوار کے پاس متعلقہ شعبے میں B.E., B.Tech, B.Sc (Engg.), MCA, M.Sc, M.Tech یا CS جیسی ڈگری ہونا لازمی ہے۔ امیدوار کی زیادہ سے زیادہ عمر 30 سال مقرر کی گئی ہے۔ عمر کا تعین 30 اپریل 2026 کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ ریزرو زمرے کے امیدواروں کو سرکاری قواعد کے مطابق عمر کی حد میں رعایت دی جائے گی۔
درخواست کے عمل کو مکمل کرنے کے لیے امیدواروں کو پہلے coalindia.in ویب سائٹ پر جا کر بھرتی لنک کے ذریعے آن لائن رجسٹریشن کرنا ہوگا۔ رجسٹریشن مکمل ہونے کے بعد امیدوار درخواست فارم پُر کر کے ضروری دستاویزات اپ لوڈ کر سکیں گے اور مقررہ درخواست فیس جمع کرانی ہوگی۔
جنرل اور او بی سی زمرے کے امیدواروں کو درخواست فیس کے طور پر 1180 روپے جمع کرانے ہوں گے۔ جبکہ ایس سی، ایس ٹی اور پی ایچ زمرے کے امیدواروں کو درخواست فیس سے استثنا دیا گیا ہے۔
بھرتی کے لیے انتخاب کمپیوٹر بیسڈ ٹیسٹ (CBT) کے ذریعے کیا جائے گا۔ امتحان دو پرچوں پر مشتمل ہوگا اور امیدواروں کو اسے حل کرنے کے لیے مجموعی طور پر 3 گھنٹے کا وقت دیا جائے گا۔ امتحان میں ہر سوال 1 نمبر کا ہوگا اور اس میں نیگیٹو مارکنگ نہیں ہوگی۔








