فلپائن دورے کے دوران مودی نے عالمی رہنماؤں کو ہندوستانی دستکاری کے تحائف پیش کی

وزیر اعظم نریندر مودی نے فلپائن کے دورے کے دوران امریکہ، جاپان، آسٹریلیا اور دیگر ممالک کے رہنماؤں کو پچھوائی پینٹنگ، بنارسی سلک، جے پور بلیو پوٹری، نٹراج مجسمہ اور کشمیری دستکاری سمیت ہندوستان کے مختلف علاقوں کے روایتی فن پارے تحفے میں پیش کیے۔

 

مودی نے فلپائن کے دورے کے دوران ٹرمپ، جاپان اور آسٹریلیا کے وزرائے اعظم سمیت عالمی رہنماؤں کو ہندوستانی دستکاری کے تحائف پیش کیے

وزیر اعظم نریندر مودی 16 سے 17 نومبر 2026 تک دو روزہ دورے پر فلپائن گئے تھے۔ وہ بدھ کی صبح ہندوستان واپس پہنچے۔ منیلا میں قیام کے دوران انہوں نے 23ویں ہندوستان-آسیان سربراہی اجلاس، 21ویں مشرقی ایشیا سربراہی اجلاس اور کواڈ رہنماؤں کی میٹنگ میں شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے کواڈ اور آسیان کے کئی رہنماؤں سے ملاقات بھی کی اور انہیں ہندوستان کے مختلف علاقوں کی روایتی دستکاری کے نمونے تحفے میں پیش کیے۔

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو مودی نے راجستھان کے ناتھ دوارہ کی مشہور سنہری پچھوائی پینٹنگ پیش کی۔ یہ پینٹنگ خصوصی طور پر تیار کیے گئے کپڑے پر معدنی رنگوں سے بنائی جاتی ہے۔ اس میں سونے کی آرائش کے ساتھ کنول کے پھول، گائیں، درخت اور روایتی نقش و نگار شامل ہیں۔

جاپان کی وزیر اعظم سانائے تاکائیچی کو اتر پردیش کے وارانسی کی شاہی نیلے رنگ کی بنارسی کتان سلک اسٹول تحفے میں دی گئی۔ اسے روایتی سادھیلی ڈبے میں رکھا گیا تھا۔ بنارسی کتان سلک اپنی نرم بُنائی اور خوبصورت ڈیزائن کے لیے مشہور ہے۔ اس تحفے میں استعمال ہونے والے شاہی نیلے رنگ کو وقار، دانش مندی اور ہم آہنگی کی علامت قرار دیا گیا ہے۔

آسٹریلیا کے وزیر اعظم انتھونی البانیز کو جے پور کی بلیو پوٹری یعنی نیلے رنگ کے برتن سازی کے فن کا ایک نمونہ پیش کیا گیا۔ اس فن میں بنیادی طور پر کوارٹز پر مبنی مرکب استعمال کیا جاتا ہے۔ اس کی سفید اور گہری نیلی سطح پر پھولوں، پرندوں اور جیومیٹرک شکلوں کے ڈیزائن ہاتھ سے بنائے جاتے ہیں۔ یہ فن نسل در نسل منتقل ہوتا رہا ہے۔

انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو کو چولا دور کی روایت سے متاثر کانسی کا نٹراج مجسمہ پیش کیا گیا۔ جنوبی ہندوستان، خاص طور پر تمل ناڈو میں، نویں سے تیرہویں صدی کے دوران کانسی کے مجسمہ سازی کے فن نے ترقی کی۔ اس قسم کے مجسمے بنانے کے لیے ’لاسٹ ویکس‘ تکنیک استعمال کی جاتی ہے۔ اس عمل میں پہلے موم کا ماڈل تیار کیا جاتا ہے اور پھر دھات ڈال کر مجسمہ بنایا جاتا ہے۔ نٹراج مجسمے میں بھگوان شیو کی رقص کرتی ہوئی شکل دکھائی گئی ہے۔

فلپائن کے صدر فرڈینینڈ مارکوس جونیئر کو کشمیر کا ہاتھ سے بُنا ہوا ریشمی قالین تحفے میں دیا گیا۔ یہ قالین اپنی نرم ساخت، چمک اور باریک کاریگری کے لیے مشہور ہے۔ اس میں ہزاروں گرہیں ہاتھ سے باندھی جاتی ہیں۔ پھولوں، چنار کے پتوں اور جیومیٹرک نقش و نگار کے ڈیزائن اس کی نمایاں خصوصیات ہیں۔ ایسا قالین تیار کرنے میں کئی ماہ یا اس سے بھی زیادہ وقت لگ سکتا ہے۔

فلپائن کی خاتون اول لیزا آرانیٹا-مارکوس کو ہاتھ سے سجائے گئے پیپئر ماشی ڈبے میں کشمیری پشمینہ شال پیش کی گئی۔

تھائی لینڈ کے وزیر اعظم انوتن چارنویراکل کو گجرات کے کچھ علاقے کے روایتی روگن آرٹ کی ایک پینٹنگ تحفے میں دی گئی۔ اس فن میں خصوصی رنگوں کے ذریعے کپڑے پر نقش و نگار بنائے جاتے ہیں۔

کمبوڈیا کے وزیر اعظم ہن مانیٹ کو ڈھوکرا آرٹ سے تیار کردہ کشتی کی شکل کا ایک فن پارہ پیش کیا گیا۔ برونائی کے سلطان حسن البلقیہ کو کرناٹک کے بیدر کی مشہور بِدری آرٹ کا ایک گلدان تحفے میں دیا گیا۔ ویتنام کے وزیر اعظم کو چمڑے سے تیار کردہ روایتی دیواری آرائش کا نمونہ، جبکہ تیمور لیستے کے وزیر اعظم کو گجرات کے کھمبھات کا عقیق پتھر سے بنا پیالہ پیش کیا گیا۔

 

Leave a comment