ممبئی اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں موسم کا مزاج ایک بار پھر بگڑ گیا ہے۔ محکمہ موسمیات انڈیا (IMD) نے جمعہ، 25 جولائی کے لیے ممبئی اور تھانے میں اورنج الرٹ اور رائے گڑھ ضلع کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ مسلسل ہو رہی بارش سے معمولات زندگی پر اثر پڑنے کا خدشہ ہے۔ کئی نشیبی علاقوں میں پانی بھرنے کی صورتحال پیدا ہو چکی ہے، وہیں BMC نے سمندر میں ممکنہ ہائی ٹائڈ کو دیکھتے ہوئے لوگوں سے ساحل سمندر پر نہ جانے کی اپیل کی ہے۔
جل بھراؤ سے ٹریفک متاثر
شدید بارش کا اثر ممبئی کی لائف لائن کہی جانے والی لوکل ٹرینوں پر بھی پڑا ہے۔ سینٹرل ریلوے کے مطابق، مین لائن کی لوکل ٹرینیں 10 سے 12 منٹ اور ہاربر لائن کی ٹرینیں 7 سے 8 منٹ کی تاخیر سے چل رہی ہیں۔ کم وِزیبلیٹی اور حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹرینوں کی رفتار کم کر دی گئی ہے۔ اے این آئی کی رپورٹ کے مطابق، ممبئی، تھانے اور پالگھر کے نشیبی علاقوں میں اگلے کچھ گھنٹوں میں درمیانی سے شدید بارش کا امکان ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مانخورد میں 28 ملی میٹر، نریمن پوائنٹ میں 26 ملی میٹر، جبکہ سی ایس ایم ٹی اور ملنڈ میں 21 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
کئی علاقوں میں تیز بارش کا امکان
محکمہ موسمیات کے مطابق، ممبئی اور مضافات میں 25 جولائی کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 ڈگری اور کم سے کم 23 ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہ سکتا ہے۔ دن بھر بادل چھائے رہیں گے اور دیر رات یا علی الصبح کچھ علاقوں میں بہت شدید بارش ہو سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے بچنے کی صلاح دی ہے۔
ہائی ٹائڈ الرٹ، ان اوقات میں ساحلی علاقوں سے دور رہیں
BMC نے تین دنوں کے ہائی ٹائڈ شیڈول کے تحت ساحل سمندروں سے دوری بنائے رکھنے کی سخت ہدایت دی ہے۔
25 جولائی – دوپہر 12:40 بجے 4.66 میٹر
26 جولائی – دوپہر 1:20 بجے 4.67 میٹر
27 جولائی – دوپہر 1:56 بجے 4.60 میٹر
ان اوقات کے دوران سمندر کی لہریں اونچائی پر ہوں گی، جس سے ساحلی علاقوں میں خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ BMC نے لوگوں سے ساحل سمندر پر نہ جانے کی اپیل کی ہے۔
مغربی گھاٹ میں ٹریکنگ سے بچیں
25 سے 27 جولائی کے درمیان ممبئی-پونے کے مغربی گھاٹ خطوں میں انتہائی شدید بارش کی وارننگ دی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے ٹریولرز اور ٹریکنگ کرنے والوں کو اس دوران گھاٹ علاقے کی یاترا سے بچنے کی صلاح دی ہے۔ سمندر کے کنارے بنے دباؤ کے علاقے اور بارش کے سلسلوں کے باعث 60-70 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔ اسی دوران ممبئی کے اندھیری ایسٹ علاقے کے ایک انڈر پاس کو جل بھراؤ کی وجہ سے عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔