بھارتی اسٹار بیڈمنٹن کھلاڑی سائنا نہوال کی زندگی پر مبنی فلم ‘سائنا’ سال 2021 میں ریلیز ہوئی تھی، جس میں پرینیتی چوپڑا نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔
حالیہ ایک انٹرویو میں سائنا نہوال نے کہا کہ اگر ان کی سوانح حیات پر دوبارہ فلم بنائی جائے تو وہ آج بھی اپنے کردار میں شردھا کپور کو ہی دیکھنا پسند کریں گی۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدا میں اس بایوپک کے لیے شردھا کپور کو ہی منتخب کیا گیا تھا۔ رپورٹس کے مطابق شوٹنگ شروع ہونے سے پہلے صحت کے مسئلے کے باعث انہیں پروجیکٹ سے الگ ہونا پڑا تھا۔ ڈینگی ہونے کی وجہ سے وہ کام جاری نہ رکھ سکیں، جس کے بعد فلم میں پرینیتی چوپڑا کو کاسٹ کیا گیا۔
شردھا کپور کے بارے میں سائنا نہوال نے کہا کہ وہ آج بھی رابطے میں ہیں اور انہوں نے فلم کے لیے رضامندی ظاہر کی تھی، تاہم طبیعت خراب ہونے کے باعث انہیں الگ ہونا پڑا۔
سوشل میڈیا پر حالیہ دنوں یہ بحث بھی سامنے آئی کہ پرینیتی چوپڑا نے مبینہ طور پر سائنا نہوال کو انسٹاگرام پر ان فالو کر دیا ہے۔ اس پر بھی انہوں نے ردعمل دیا اور واضح کیا کہ ان دونوں کے درمیان تعلق بنیادی طور پر پیشہ ورانہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ فلم کی تیاری کے دوران وقت محدود تھا اور شوٹنگ شیڈول مصروف تھا، اس لیے ساتھ وقت گزارنا ممکن نہیں تھا۔ ان کے مطابق، “دوستی کے لیے ساتھ وقت گزارنا ضروری ہوتا ہے، لیکن فلم جلد مکمل کرنا تھی، اس لیے ہم روزانہ نہیں مل پاتے تھے۔”
سائنا نہوال نے یہ بھی کہا کہ پرینیتی چوپڑا نے اپنے کردار کی تیاری کے لیے خاصی محنت کی تھی۔ انہوں نے بیڈمنٹن کے تکنیکی پہلو سمجھنے اور کورٹ میں ان کی باڈی لینگویج اپنانے کے لیے تربیت حاصل کی تھی۔
سال 2021 میں ریلیز ہونے والی ‘سائنا’ کو ناقدین کی جانب سے ملا جلا ردعمل ملا تھا اور باکس آفس پر فلم توقعات کے مطابق کارکردگی نہیں دکھا سکی۔ یہ فلم بھارتی کھیلوں کی دنیا کی ایک متاثر کن کہانی کو بڑے پردے پر پیش کرنے کی کوشش تھی۔ سائنا نہوال ان بھارتی بیڈمنٹن کھلاڑیوں میں شامل ہیں جنہوں نے بین الاقوامی سطح پر ملک کی نمائندگی کی، اور ان کی کامیابیوں میں اولمپک تمغہ اور متعدد بین الاقوامی اعزازات شامل ہیں۔








