جھارکھنڈ کے ضلع لوہرداگا کے گاؤں بھکسو میں جمعرات کی رات ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے۔ نامعلوم حملہ آوروں نے ایک 60 سالہ بزرگ خاتون اور اس کے 16 سالہ پوتے رتیش اراؤں کو گلا کاٹ کر بے دردی سے قتل کر دیا۔ واقعہ کے وقت دونوں ایک ہی کمرے میں سو رہے تھے، جب کہ گھر کے دوسرے افراد دوسرے کمروں میں تھے۔ جب تک گھر والوں کو کچھ سمجھ میں آتا، ملزمان واردات کو انجام دے کر فرار ہو چکے تھے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا۔ پورے گاؤں میں اس دوہرے قتل کے سلسلے میں دہشت اور غم و غصے کا ماحول ہے۔ فی الحال پولیس نے نامعلوم حملہ آوروں کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی ہے اور تفتیش کے لیے فارنسک ٹیم بھی موقع پر پہنچ چکی ہے۔
سیڑھی سے چھت پر چڑھ کر پہنچے تھے حملہ آور
ابتدائی تفتیش میں سامنے آیا ہے کہ مجرم سیڑھی کے سہارے چھت سے گھر میں داخل ہوئے اور سیدھے اس کمرے میں پہنچے، جہاں دادی پوتا سو رہے تھے۔ انہوں نے دونوں کا گلا کاٹ کر قتل کر دیا اور کسی کو کانوں کان خبر نہ ہوئی۔ یہ واردات اتنی خاموشی سے انجام دی گئی کہ گھر کے دیگر افراد کو بھی کوئی آہٹ نہ ہوئی۔ صبح جب کمرے کا دروازہ نہیں کھلا تو گھر والوں کو شک ہوا اور اندر جا کر دیکھا تو دونوں کی لاشیں خون میں لت پت پڑی تھیں۔
پولیس نے موقع سے کچھ اہم سراغ برآمد کیے ہیں اور دعویٰ کیا ہے کہ جلد ہی مجرم قانون کی گرفت میں ہوں گے۔
پولیس ہر زاویے سے تفتیش کر رہی ہے
اس معاملے میں مرنے والوں کے اہل خانہ، ونود نے ایک قریبی رشتہ دار پر شک ظاہر کیا ہے، جس نے حال ہی میں خاندانی جھگڑے کے دوران سنگین نتائج بھگتنے کی دھمکی دی تھی۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ یہ قتل خاندانی رنجش کا نتیجہ ہو سکتا ہے۔ اس نکتہ کو مدنظر رکھتے ہوئے پولیس بھی تفتیش کو آگے بڑھا رہی ہے۔
لوہرداگا کے ایس پی صادق انور نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ یہ بہت سنگین معاملہ ہے اور ہر پہلو سے اس کی تفتیش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ جلد ہی قاتلوں کو گرفتار کیا جائے گا اور انہیں سخت سزا دی جائے گی۔ وہیں، گاؤں کے لوگوں نے بھی ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔